ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ دریائے ستلج ، راوی اور چناب میں بڑے سیلابی ریلے کا امکان ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ آج دریائے راوی اور چناب کا بڑا سیلابی ریلا ملے گا، بڑا ریلا ہیڈ سدھنائی کے مقام تک پہنچ چکا ہے، ہیڈ سدھنائی سے بڑا ریلا ہیڈ محمد والا کی طرف بڑھے گا تو مسائل ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ دریائے چناب کا بڑا ریلا ہیڈ جھنگ کے ہیڈ تریموں پر پہنچا ہے، بڑے ریلے کے باعث نقصان کا خدشہ ہوا تو مشکل فیصلے کرنا پڑیں گے، دریائے ستلج میں قصور کے مقام پر ڈیڑھ ماہ سے ہائی فلڈ کی صورتحال ہے۔
عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ پورے پنجاب میں بارشیں ہو رہی ہیں، بھارت کے ڈیم بھی 100 فیصد بھر چکے ہیں، 6 سے7 ستمبر تک سندھ میں سیلابی ریلا داخل ہو سکتا ہے، ان کا کہنا تھا کہ آج سے 5 ستمبر تک مزید بارشیں ہوں گی۔
