فیڈرل پبلک سروس کمیشن نے کابینہ کی سب کمیٹی کی سفارش پر گریڈ 16 اور اس سے اوپر کے افسروں کی ملازمت کی ریگولر ائز یشن کی اسکروٹنی اور جانچ پڑتال کا عمل شروع کردیا ہے۔
ایک موقر قومی اخبار کے مطابق سپریم کورٹ کے حکم پر فیڈرل پبلک سروس کمیشن نے 2012 اور 2013 میں ریگولر کئے گئے ہزاروں سرکاری افسران کی اسکروٹنی شروع کردی، اب تک 14 وزارتوں اور وفاقی محکموں نے ایسے 897 کیسز وفاقی پبلک سروس کمیشن کو بھجوا دیئے۔
ذرائع کےمطابق بہت سی وزارتیں سیاسی دبائو کی وجہ سے کیسز ایف پی ایس سی کو بھجوانے میں لیت و لعل سے کام لے رہی ہیں اور انہوں نے کیسز ابھی تک نہیں بھجوائے جو سپریم کورٹ اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی حکم عدولی ہے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کا موقف ہے کہ جب تک ان افسروں کی تقرری کی ایف پی ایس سی سے توثیق نہیں ہوتی ان کو ترقی اور سنیارٹی بھی نہیں دی جا سکتی۔
