کراچی کے علاقے لیاری بغدادی میں 5 منزلہ رہائشی عمارت زمین بوس ہو گئی ، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہو گئے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ عمارت کے ملبے سے 5 لاشیں اور 6 افراد کو زخمی حالت میں نکال لیا گیا ہے جبکہ دیگر کئی افراد کے دبے ہونے کی اطلاعات ہیں ، ریسکیو ٹیمیں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
ملبے سے نکالے جانے والوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ایک زخمی کی حالت تشویشناک بیان کی جا رہی ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق عمارت میں 20 کے قریب فلیٹ تھے جس کے ملبے تلے دبے لوگوں کو نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔ گلیوں کے تنگ ہونے کی وجہ سے ہیوی مشینری کو پہنچانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
