انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے پی ٹی آئی احتجاج کے دوران ڈی چوک سے گرفتار 32 ملزمان کیسز سے ڈسچارج کر دیے۔
جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کیس کی سماعت کی، ڈی چوک پر پی ٹی آئی احتجاج میں گرفتار 32 ملزمان شناخت پریڈ کے لیے رات گئے عدالت میں پیش کیے گئے۔
جج ابو الحسنات ذوالقرنین ملزمان کو رات گئے جہلم جیل سے پیش کرنے پر برہم ہوئے اور ریمارکس دیے کہ پولیس نے انہیں دوبارہ گرفتار کیا تو پولیس والوں کو ہتھکڑی لگوا دوں گا۔
پولیس نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ملزمان کو پچیس نومبر کو گرفتار کیا گیا، ان کی شناخت پریڈ نہیں ہو سکی، پولیس نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزمان کا 30 ،30 روز کا جسمانی ریمانڈ منظورکیاجائے۔
ملزمان کے وکیل انصر کیانی نے کہا کہ ملزمان کی شناخت پریڈ نہیں اورپولیس برآمدگی کیلئے ریمانڈ مانگ رہی ہے، اس موقع پر عدالت نے کمرہ عدالت میں 32 ملزمان کی ہتھکڑیاں کھلوا کرمقدمہ سے ڈسچارج کر دیا۔