سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج نے خیبرپختونخوا کے شہر کوہاٹ اور طورخم بارڈر سے ملحقہ علاقوں میں افغان طالبان حکومت کی جانب سے بھیجے گئے 8 ڈرونز مار گرائے۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ آج صبح افغان طالبان رجیم کی جانب سے 8 ڈرونز پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہوئے، جنہیں افواج پاکستان کے فعال اور مستعد ائیر ڈیفنس سسٹم نے کامیابی سے گرادیے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق افواج پاکستان اور پاک فضائیہ کے شاہینوں نےافغان طالبان رجیم کی عوامی مقامات کو نشانہ بنانے کی بزدلانہ کوشش کو پیشہ ورانہ طریقے سے ناکام بنا دیا۔
سکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ 4 ڈرونز طورخم بارڈ سے ملحقہ علاقوں اور 4 ڈرونز کوہاٹ سے متصل بارڈ کے پہاڑی علاقوں میں گرائے گئے تھے، یہ دراندازی افغان طالبان رجیم کی جانب سے دہشت گردوں کی براہ راست معاونت اور سرپرستی کا مزید ایک اور ثبوت ہے۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ رات افواج پاکستان نے کرم سیکٹر میں افغان طالبان رجیم کے متعدد مورچوں اور ٹھکانوں کو اشتعال انگیز فائرنگ کےجواب میں تباہ بھی کیا تھا، افواج پاکستان ہمہ وقت پاکستان اور عوام کے دفاع کے لیے تیار ہے۔
