صوبائی دارالحکومت لاہور میں غیر رجسٹرڈ اکیڈمیز اور ٹیوشن سینٹرز کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 760 غیرقانونی اداروں کا انکشاف ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب نے شہر بھر میں قائم اکیڈمیز اور ٹیوشن سینٹرز کا جامع سروے شروع کر دیا ہے، جس کے دوران اب تک 760 غیرقانونی اور غیر رجسٹرڈ اکیڈمیز کا انکشاف ہوا ہے۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن کے مطابق لاہور میں اس وقت 14 ہزار کے قریب اکیڈمیز اور ٹیوشن سینٹرز کام کر رہے ہیں، جن کی رجسٹریشن، عمارتوں کی حالت اور حفاظتی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ تمام اکیڈمیز اور ٹیوشن سینٹرز کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنی رجسٹریشن مکمل کریں اور قانونی تقاضے پورے کریں، بصورت دیگر غیر رجسٹرڈ اداروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں بند کر دیا جائے گا۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن نے واضح کیا ہے کہ فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر کسی بھی عمارت میں اکیڈمی یا ٹیوشن سینٹر چلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ عمارت کی ساخت، حفاظتی معیار، ایمرجنسی اخراج کے راستوں اور دیگر ضروری سہولیات کی جانچ کے بعد ہی ادارے کو کام کرنے کی اجازت دی جائے گی۔
