فرانس کے شمالی علاقے نارمینڈی میں روئن اور کین کے درمیان ٹرین پٹڑی سے اترنے کے نتیجے میں 44 افراد زخمی ہو گئے۔
خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق فرانسیسی حکام اور ریلوے آپریٹر نے بتایا کہ حادثہ مقامی وقت کے مطابق جمعہ کی شام تقریباً ساڑھے 7 بجے پیش آیا۔
مقامی انتظامیہ کے سربراہ بینوا البرٹینی نے صحافیوں کو بتایا کہ زخمیوں میں سے ایک شخص کی حالت تشویشناک ہے، جسے ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
فرانسیسی پولیس کے ترجمان کے مطابق ٹرین کسی چیز سے ٹکرانے کے بعد حادثے کا شکار ہوئی۔
فرانسیسی ریلوے آپریٹر ایس این سی ایف نے کہا کہ کین اور لے ہاور کے درمیان ٹرین سروس معطل کر دی گئی ہے ، مسافروں کی سہولت کے لیے متبادل بس سروس چلائی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ دوسری جانب مقامی انتظامیہ نے شہریوں کو حادثے کی جگہ سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔
