پاکستان نے اسرائیل کی جانب سے گلوبل صمود فلوٹیلا روکنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کارکنوں کی غیر قانونی گرفتاری بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ غزہ کی غیر قانونی ناکہ بندی ختم کرکے فوری اور مستقل جنگ بندی کی جائے ، صمود فلوٹیلا میں 40 سے زائد شہری اور 500 بین الاقوامی کارکن موجود تھے ، اسرائیلی اقدام فسطینیوں کی زندگی خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ انسانی امداد کو روکنا چوتھے جنیوا کنونشن کی سنگین خلاف ورزی ہے ، فلسطینیوں تک بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اسرائیل کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی پر جواب دہ بنایا جائے، پاکستان فلسطینیوں کے ساتھ غیرمتزلزل حمایت اور یکجہتی جاری رکھے گا، فلسطین کے حق خودارادیت اور خودمختار ریاست کے قیام کی حمایت جاری رہے گی۔
