سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا اکاؤنٹ اڈیالہ جیل سے ہی آپریٹ ہو رہا ہے۔
بانی پی ٹی آئی کے دور میں چند مخصوص لوگوں کے اربوں روپے کے قرضے معاف کیے گئے۔ سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ کراچی میں ٹرانسپورٹ کی بہتری کیلئے کام کررہے ہیں، موٹر رجسٹریشن آفس سوک سینٹر پاکستان کا سب سے بڑادفتر ہے، عوام کو آسانیاں فراہم کرنے کیلئے ہرممکن اقدامات کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایکسائز کے افسران ہی ایکشن لے رہے ہیں، یہاں کوئی سفارشی نہیں ہے، جس نے کام کرنا ہے اس نے یہاں رہنا ہے، ہم اپنے اداروں،ٹریفک پولیس کو گالیاں دے رہے ہوتے ہیں، ٹریفک پولیس اس دھوپ میں بھی ٹریفک کو مینج کررہا ہے، ان کے بھی گھر اور خاندان ہوتے ہیں، ہمیں اپنی فورسز کا ساتھ دینا چاہیے، جہاں غلطیاں اور کوتاہیاں ہوتی ہیں سزا ملتی ہے۔
سابق وزیراعظم عمران خان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کنفیوژن کا شکار ہے، بانی پی ٹی آئی کو ملک کیخلاف لانچ کیاگیا، پاکستان کی نامور ہستیوں نے بانی پی ٹی آئی کی لانچنگ سے پہلے سب کہہ دیا تھا، ان کے بارے میں وزیراعظم کے خدشات غلط نہیں ہیں۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ 2018 سے پہلے بانی پی ٹی آئی نے قرضے معاف کرانے اور سہولت کاروں کے بارے میں کیا کہا تھا، لوگوں کے 40،40ارب روپے بانی پی ٹی آئی نے خود معاف کیے، ایف بی آر،نیب اور اینٹی کرپشن کو ایکشن لینا چاہیے۔
بیرسٹر گوہر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے ویڈیو لگائی، آپ کو پتہ چل گیا تھا تو ویڈیو ڈیلیٹ کردیتے، بیرسٹر گوہر صاحب نے کل فرمایا ویڈیوکا مقصد ادارے کو ٹارگٹ کرنا نہیں تھا۔