بلوچستان کے ضلع مستونگ میں سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے کمانڈر سمیت 9 دہشتگرد ہلاک کر دیئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں فتنۃ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور اسی سلسلے میں ضلع مستونگ میں کارروائی کے دوران کمانڈر نقیب سمیت 3 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔
سکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے فتنۃ الہندوستان کے دہشتگردوں کی گاڑی کو کواڈ کاپٹر کے ذریعے کامیابی سے نشانہ بنایا۔ جس کے نتیجے میں دہشتگردوں کی گاڑی مکمل تباہ ہو گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں اور آخری دہشتگرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
دوسری جانب پشین کے علاقے سرانان میں سی ٹی ڈی نے انیٹلی جنس بیسڈ آپریشن کرکے فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشتگرد ہلاک کر دیے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے دوران 4 اہلکار زخمی بھی ہوئے، ہلاک دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے بتایا جاتا ہے، دہشتگردوں سے اسلحہ و بارود بھی برآمد ہوا۔ ہلاک دہشتگرد فورسز اور عام شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے۔
