راجن پور میں انڈس ہائی وے پر مسافر بس الٹنے کے نتیجے میں 2 خواتین سمیت 10 افراد جاں بحق اور 32 زخمی ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق مسافر بس راجن پور سے ڈیرہ غازی خان جا رہی تھی کہ راجن پور کے نواحی علاقے بنگلہ ہدایت کے مقام پر انڈس ہائی وے کے ڈیوائیڈر سے ٹکرانے کے بعد حادثے کا شکار ہو گئی۔
انڈس ہائی وے پاکستان کی اہم ترین شاہراہوں میں شمار ہوتی ہے جس پر ہونے والے حادثات کی وجہ سے اسے عوامی حلقوں میں ’قاتل روڈ‘ اور ’شاہراہ موت‘ جیسے ناموں سے بھی پکارا جاتا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق آج کے حادثے کی اطلاع نلتے ہی ریسکیو اہلکار جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اسپتال منتقل کر دیا۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملنے پر ڈپٹی کمشنر راجن پور بھی جائے حادثہ پر پہنچے اور امدادی سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ریسکیو اہلکاروں کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
