خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں کارروائی کے دوران افغان خارجی عبید اللہ سعد سمیت 4 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
سرکاری ٹی وی پر نشر ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق ضلع کرم میں 8 ستمبر کو خارجیوں کے خلاف کارروائی خفیہ اطلاعات پر کی گئی،ہلاک ہونے والا خارجی عبید اللہ سعد افغانستان کے صوبہ لوگر کے گاؤں شاہی قلعہ کا رہائشی اورپاکستان میں دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھا۔
رپورٹ کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ ملک کے امن اور عوام کے جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،ریاست دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کرم میں کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کی تعریف کی اور 4 دہشتگردوں کی ہلاکت پر ان کی صلاحیتوں کو سراہا۔
اپنے بیان میں محسن نقوی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں قیام امن کیلئے سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں قابل تحسین ہیں، سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوت ہمارا سرمایہ افتخار ہیں،قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔
