سندھ کے صوبائی دارالخلافہ کراچی کے علاقے منگھو پیر مہران سٹی میں ڈکیتی مزاحمت پر مسلح افراد کی فائرنگ سے 15 سالہ نوجوان روشم جاں بحق ہو گیا۔
مقتول کے والد کے مطابق 6 مسلح ڈاکو گھر میں داخل ہوئے جن میں سے دو نے پولیس کی وردی پہن رکھی تھی۔
آہٹ سن کر والد اور بیٹا کمروں سے باہر آئے تو ملزمان نے فائرنگ کر دی جس سے روشم سینے پر گولی لگنے سے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
والد کے مطابق گزشتہ بیس سے پچیس روز سے پولیس یونیفارم میں ملبوس ملزمان علاقے میں وارداتیں کر رہے ہیں ،پولیس کو علاقے میں ہونے والی وارداتوں سے آگاہ کیا تھا۔
مقتول میٹرک کا طالب علم اور 8 بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا۔ اہلخانہ نے ملزمان کی گرفتاری تک تدفین سے انکار کرتے ہوئے نیا ناظم آباد اور بلاول ہاؤس کے باہر احتجاج کا انتباہ دیا ہے۔
