نادرا نے نئے سال کے آغاز پر پاک آئی ڈی موبائل ایپ اور چہرے کی شناخت کے ذریعے تصدیق کی نئی سہولت متعارف کروانے کا اعلان کیا ہے۔
موقر قومی اخبار کے مطابق نادرا نے ملک کے سینٹرز پر 15جنوری سے پاک آئی ڈی موبائل ایپ اورچہرے کی شناخت کے ذریعے تصدیق کی نئی سہولت متعارف کروانے کا اعلان کیا ہے۔
ترجمان نادرا کے مطابق نادرا کی جانب سے ہیڈکوارٹرز میں بائیو میٹرک اور شناختی تصدیقی نظام میں بہتری سے متعلق امور پر ایک مشاورتی کانفرنس کا اہتمام کیا گیا جہاں مختلف شعبوں کے ریگولیٹرز اور متعلقہ اداروں کے عہدیداروں نے شرکت کی۔
کانفرنس کے دوران شناخت کی تصدیق میں درپیش مشکلات اور نادرا کی جانب سے ریگولیٹرز اور شہریوں کو کسی رکاوٹ کے بغیر خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کئے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
کانفرنس کے آغاز میں چیئرمین نادرا نے شناختی تصدیق کے نظام کے تحت مختلف شعبوں میں پیش آنے والی مشکلات اور انہیں دور کرنے اور نظام میں جدت لانے کے تقاضوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔