ترکیہ میں شدت پسند تنظیم داعش کے خلاف ملک گیر کارروائیوں کے دوران 357 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ترک وزیر داخلہ علی یرلیکایا نے بتایا کہ یہ کارروائیاں 21 صوبوں میں بیک وقت کی گئیں، جن میں پولیس کے انسدادِ دہشت گردی یونٹس، انٹیلی جنس ادارے اور استغاثہ شامل تھا۔
وزیر داخلہ کے مطابق حالیہ کارروائیاں شمال مغربی شہر یالوا میں ہونے والے ایک بڑے تصادم کے بعد کی گئیں، جہاں آٹھ گھنٹے تک جاری رہنے والے محاصرے کے دوران تین پولیس اہلکار اور چھ مشتبہ شدت پسند ہلاک ہو گئے تھے۔ اس جھڑپ کے بعد ملک بھر میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ یالوا میں ہونے والا تصادم بھی اسی وسیع آپریشن کا حصہ تھا، جس کے تحت ایک سو سے زائد مقامات پر چھاپے مارے گئے۔ علاقے میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر اسکول بند کر دیے گئے جبکہ گیس اور بجلی کی فراہمی بھی عارضی طور پر معطل کی گئی۔
