اسلام آباد: عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے ٹیکس اہداف میں ناکامی کے باعث شارٹ فال پورا کرنے کے لیے منی بجٹ لانے کا مطالبہ کر دیا۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) ذرائع کے مطابق عالمی مالیاتی فنڈ نے ورچوئل بات چیت کے دوران ایف بی آر کی ٹیکس اہداف پر نظرثانی کی درخواست مسترد کر دی۔ شارٹ فال کے باعث دوسری قسط میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ مہینوں کے شارٹ فال کا تخمینہ لگا کر 5 سو ارب کا منی بجٹ آ سکتا ہے۔ جبکہ 60 ارب روپے کے ایف بی آر انفورسمنٹ کے لیے آرڈیننس بھی لایا جا سکتا ہے۔ تاہم وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی چیئرمین ایف بی آر سے پرفارمنس رپورٹ طلب کر لی۔
ٹیکس اہداف حاصل کرنے کے لیے ایف بی آر میں 4 بورڈ اراکین سمیت 18 افسران کی اکھاڑ پچھاڑ کی گئی ہے۔
میر بادشاہ کو ان لینڈ ریونیو آپریشنز، طارق ارباب کو ممبر لیگل کے عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ ممبر ان لینڈ ریونیو پالیسی حامد عتیق سرور کو ممبر ان لینڈ ریونیو آپریشنز بنایا گیا ہے۔