پنجاب حکومت نے حنا جاوید قتل کیس کے سلسلے میں ہائی پاورکمیٹی تشکیل دے دی۔
ذرائع کے مطابق ہائی پاورکمیٹی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے تشکیل دی جس کی سربراہی ڈی جی سی سی ڈی سہیل ظفر کرینگے،کمیٹی میں ڈی آئی جی لاہور اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن راولپنڈی بھی شامل ہونگے۔
45 سالہ حنا جاوید کی لاش 20 اگست کو راولپنڈی کے علاقے لالکرتی میں عسکری اپارٹمنٹس میں واقع ان کے گھر کے باتھ روم سے برآمد ہوئی تھی۔ پولیس اور دستیاب رپورٹ کے مطابق مقتولہ کے ہاتھ پیچھے بندھے ہوئے تھے، منہ پر کپڑا تھا جبکہ گردن میں تار بندھی ہوئی تھی جو باتھ روم کے شاور کے ساتھ باندھی گئی تھی۔
ہائی پاور کمیٹی کیس کی تفتیش کا از سر نو جائزہ لے گی، سہیل ظفر کی سربراہی میں کمیٹی رواں ہفتے راولپنڈی کا دورہ کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فرانزک نمونوں کی رپورٹس بھی راولپنڈی پولیس نے وصول کرلی ہیں جس میں پوسٹ مارٹم کی حتمی رپورٹ بھی شامل ہے،ہائی پاور کمیٹی کی جانب سے حنا جاوید کے اہلخانہ سے بھی رابطہ کیا گیا ہے۔
