وزیراعظم شہبازشریف نے حالیہ بارشوں اور سیلاب متاثرین کی مالی معاونت کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں اشیائے خوردونوش اور بنیادی سامان جلد پہنچایا جائے۔
وزیراعظم نے اپنی زیر صدارت اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مکمل اور جزوی تباہ شدہ مکانات کے مالکان کی بھی مالی معاونت کی جائے، سیلاب متاثرین کی مدد قومی ذمہ داری ہے، تمام ادارے مل کر کام کریں۔ متاثرہ مکانات اور فصلوں کے نقصان کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کی جائے۔
وزیراعظم نے سیلاب کے نتیجے میں بحق تمام افراد کے خاندانوں کو مالی معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم ایز مشترکہ امدادی کارروائیاں مزید تیز کریں، اور آئندہ بارشوں و سیلاب کے پیش نظراین ڈی ایم اے اورپی ڈی ایم ایز تیاررہیں۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ارلی وارننگ سسٹم کی بدولت سیلاب سے قبل شہریوں کو محفوظ مقامات پرمنتقل کیا گیا ، امدادی سامان بھیجنے کے حوالے سے اقدامات لیے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ متاثرہ علاقوں میں انفراسٹرکچر کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے، بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں اب تک 615 ٹن امدای سامان بھیجا جا چکا ہے۔
