چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ 27 ویں آئینی ترمیم میں صوبے کے حصے میں کمی کو مسترد کرتے ہیں تاہم آرٹیکل 243 کی حمایت کریں گے۔
بلاول بھٹو کی زیر صدارت پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس بلاول ہاؤس کراچی میں ہوا۔ جس میں مجوزہ 27 ویں ترمیم پر غور کیا گیا تاہم پیپلزپارٹی کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچ سکی اور سی ای سی اجلاس آج جمعے کی نماز کے بعد دوبارہ طلب کیا ہے۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو نے کہا کہ آج پھر سی ای سی کا اجلاس ہو گا جس میں آئینی عدالت کے قیام پر حتمی فیصلہ کیا جائیگا۔
ان کا کہنا تھا کہ آئین میں جو این ایف سی کے تحفظ کے خاتمے والی شق ہے اُس کا خاتمہ کسی صورت تسلیم نہیں کریں گے، آرٹیکل 243 کے علاوہ باقی تمام پوائنٹس کو ہم نے مسترد کر دیا ہے۔
قبل ازیں سی ای سی اجلاس میں شرکت کیلیے گورنر خیبر پختونخوا، وزیراعلیٰ، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی و قائدین بلاول ہاؤس کراچی پہنچے جبکہ صدر مملکت بھی اجلاس میں شرکت کیلیے قطر سے سیدھا کراچی اور پھر بلاول ہاؤس پہنچے۔
