دبئی: بنگلہ دیش نے بھارت کو انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
بنگلہ دیش نے بھارت کو انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں 59 رنز سے شکست دے دی۔ بنگلہ دیش کے 199 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارت کی پوری ٹیم 36ویں اوور میں 139 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔
بھارت نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور بنگلہ دیش کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 198 رنز بنائے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے ریضان حسین 47، محمد شہاب 40 اور فرید حسن 39 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
بھارت کی جانب سے کوئی بیٹر اچھا کھیل پیش نہ کر سکا۔ بھارت کے کپتان محمد امان 26 اور ہاردک راج 24 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
بنگلہ دیش کے باؤلرز عزیز الحاکم اور اقبال حسین نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جبکہ الفاحد نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ ریضان حسین اور معروف مریدہ ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔
دو روز قبل پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان انڈر 19 ایشیا کپ کا سیمی فائنل کھیلا گیا تھا۔ جس میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دی۔