بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ ٹو ریفرنس میں ضمانت بعد از گرفتاری سپریم کورٹ میں چیلنج کردی۔
ایف آئی اے نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے ضمانت منظوری کے فیصلے کیخلاف درخواست دائر کردی۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ ضمانت منظوری کا فیصلہ غیرقانونی اور ریکارڈ کے برخلاف ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ ضمانت بعد ازگرفتاری کے اصولوں کو مدنظر نہیں رکھا گیا، ہائیکورٹ نے بشریٰ بی بی کیخلاف مقدمے کو ٹھیک سے نہیں سمجھا۔
موقف اختیار کیا گیا کہ ہائیکورٹ کے ایک جج نے چیمبر میں ضمانت دی، سپریم کورٹ کے طے کردہ اصولوں کو مد نظر نہیں رکھا گیا،استغاثہ کا کیس یہ ہے کہ بشریٰ بی بی اپنے شوہر بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ملوث ہے۔
ہائیکورٹ نے ضمانت دیتے ہوئے یہ مدنظر نہیں رکھا کہ استغاثہ کے پاس یہ شواہد ہیں کہ بلغاری جیولری سیٹ کو توشہ خانہ میں جمع نہیں کروایا گیا،سپریم کورٹ ایک فیصلے میں یہ اصول طے کر چکی ہے کہ خاتون ہونے کے باوجود اگر کسی کا کریمنل ریکارڈ ہے تو اسے ضمانت نہیں مل سکتی۔