ایشیائی ترقیاتی بینک ( اے ڈی بی ) نے پاکستان کو 8 کروڑ 62 لاکھ ڈالر فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ایشیائی بینک کے اعلامیے کے مطابق رقم پاکستان کو ترقیاتی قرضے کی مد میں فراہم کی جائے گی، رقم ایوی ایشن فیول کے مستحکم ذخائر بنانے کے لیے استعمال ہو گی، شیخوپورہ میں ایوی ایشن فیول کا نجی ذخیرہ قائم کیا جائے گا۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ رقم انفراسٹرکچر قرضے کے سلسلے میں کلائمیٹ سپورٹ کے تحت فراہم کی جائے گی۔
واضح رہے تین ماہ قبل بھی ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر مساتسو گواسا کاوا نے پاکستان کیلئے 2 ارب ڈالرز کی امداد دینے کا اعلان کیا تھا۔اے ڈی بی کے صدر نے یہ اعلان صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کے دوران کیا تھا۔
ملاقات کے دوران صدر مملکت نے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک سے تعاون بڑھانے پر زور دیتے ہوئے مساتسو گواسا کاوا کو پاکستان کو درپیش اقتصادی چیلنجز سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ نے ملک کو بہت زیادہ معاشی نقصان پہنچایا۔