ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے 1999 ڈالر مالیت کا فولڈ ایبل اسمارٹ فون ’آئی فون ڈیو‘ متعارف کرا دیا ہے جو کمپنی کے فلیگ شپ آئی فون میں کئی برس بعد ہونے والی سب سے نمایاں تبدیلی ہے۔
نیا فولڈ ایبل فون پاسپورٹ کے سائز اور شکل کا ہے جس کے کنارے گول ہیں۔ فون کھولنے پر یہ 7.6 انچ چوڑی اسکرین میں تبدیل ہوجاتا ہے جسے افقی اور عمودی دونوں انداز میں دیکھا جاسکتا ہے جبکہ فون بند ہونے کی صورت میں سامنے ایک چھوٹی سنگل اسکرین موجود ہے۔
ایپل کے مطابق فون کھولنے کی صورت میں یہ کمپنی کا اب تک کا سب سے پتلا فون ہے۔
آئی فون ڈیو کی لانچنگ ایپل کے نئے چیف ایگزیکٹو جان ٹرنَس کی سربراہی میں ہونے والی پہلی بڑی تقریب بھی ہے۔ کمپنی کے مطابق فولڈ ایبل فون متعارف کرانا فلیگ شپ آئی فون میں 2017 میں آئی فون ایکس سے فزیکل ہوم بٹن ختم کیے جانے کے بعد سب سے نمایاں تبدیلی ہے۔
iPhone Duo
iPhone 18 Pro and iPhone 18 Pro Max
Apple Watch Series 12 and Apple Watch Ultra 4
AirPods 5… and Joz https://t.co/TWj3GjDSmk
— John Ternus (@johnternus) September 9, 2026
ایپل کے حالیہ مالی سال میں آئی فون سے 209.6 ارب ڈالر کی آمدنی ہوئی جو کمپنی کی مجموعی فروخت کے نصف سے کچھ زیادہ بنتی ہے۔
ایپل نے آئی فون ڈیو کو کاروباری اور پیداواری سرگرمیوں کیلئے ایک ڈیوائس کے طور پر پیش کیا۔ کمپنی کی جانب سے بتایا گیا کہ بڑی اسکرین پر متعدد ایپس کی ونڈوز ایک ساتھ چلائی جاسکتی ہیں۔

لانچنگ تقریب کے دوران ایپل نے زوم کالز میں متعدد شرکا کو ایک ساتھ دیکھنے اور میسجنگ ایپ سلیک کے وسیع منظر کو بھی دکھایا۔ بڑی اسکرین کا مقصد صارفین کو ایک ہی وقت میں مختلف ایپس استعمال کرنے کی سہولت فراہم کرنا ہے جس کا طریقہ ایپل اپنے بعض آئی پیڈ ماڈلز میں بھی استعمال کرتا ہے۔
