روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ اگلے ماہ سہ فریقی سربراہی اجلاس منعقد کرنے کی تجویز دی ہے، جس میں یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے بات چیت کی جا سکتی ہے۔
امریکی اخبار ’وال اسٹریٹ جرنل‘ نے اتوار کو اس معاملے سے واقف ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ مجوزہ مذاکرات سے روس کو فائدہ پہنچنے کا امکان ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یہ تجویز ایسے وقت سامنے آئی ہے جب ٹرمپ اور پیوٹن کے تعلقات میں گرم جوشی دیکھی جا رہی ہے۔ امریکی صدر نے روسی ڈیزل خریدنے کے معاہدے کا اعلان کیا ہے، جبکہ جمعے کو ایک صدارتی حکم نامے کے ذریعے روس پر عائد بعض اہم پابندیوں میں چھوٹ بھی دی گئی۔
اپنی رپورٹ میں وال اسٹریٹ جرنل نے ایک سابق روسی انٹیلی جنس اہلکار کے حوالے سے کہا ہے کہ پیوٹن نے 9 اکتوبر کو ٹرمپ سے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران سہ فریقی اجلاس کی تجویز پیش کی تھی۔
اخبار کے مطابق اسی گفتگو کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان ڈیزل کا معاہدہ بھی طے پایا۔
