بلوچستان کے ضلع خضدار اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.9 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کی گہرائی 25 کلومیٹر جبکہ مرکز خضدار سے 48 کلومیٹر شمال مغرب میں واقع تھا۔
زلزلے کے بعد لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے، بلوچستان کی صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) اور مقامی انتظامیہ کے مطابق زلزلے سے کسی جانی نقصان یا املاک کو نقصان پہنچنے کی اطلاع نہیں ملی۔
دو دن قبل چمن سمیت بلوچستان کے کئی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 3.8، گہرائی 12کلو میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ مرکز چمن کے قریب واقع پہاڑی سلسلے میں تھا۔
