گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی جانب سے صوبے کی سکیورٹی صورتِ حال اور دہشت گردی کے خطرات کا جائزہ لینے کے لیے طلب کیا گیا اپیکس کمیٹی کا اجلاس آج ہو گا جس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور اعلیٰ عسکری حکام شرکت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق محسن نقوی اجلاس میں شرکت کے لیے پشاور پہنچ گئے ہیں۔ اجلاس میں صوبے کے 12 حساس اضلاع میں سکیورٹی انتظامات اور فوج کی تعیناتی سے متعلق اقدامات پر غور کیے جانے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج نافذ کرنے کے بعد صوبے کے انتظامی اور سکیورٹی ڈھانچے میں متعدد تبدیلیاں کیں جن میں صوبے کے لیے 11 رکنی مشاورتی کونسل کا قیام، سکیورٹی کے لحاظ سے حساس 12 اضلاع کے انتظامی امور کی نگرانی کے لیے الگ سیکریٹریٹ کا قیام، صوبے میں فوج کی تعیناتی، چیف سیکرٹری سمیت اعلیٰ پولیس افسران کا تبادلہ اور ایڈووکیٹ جنرل آفس کے 57 افسران کو عہدوں سے ہٹائے جانے جیسے اقدامات شامل ہیں۔
