وزیراعظم شہباز شریف اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا جس دوران ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ساتھ مذاکرات اور سیاسی طریقے سے مسائل حل کرنے کے امکانات پر بات چیت ہوئی۔
پی ٹی آئی نے 3 اکتوبر کو حکومت کیساتھ مذاکرات ناکام ہونے کے اگلے روز لکی مروت سے اپنے مطالبات کے حق میں لانگ مارچ کا آغاز کیا تھا جو آج چھٹے روز میں داخل ہو گیا ہے۔ مارچ کے تیسرے روز یعنی 6 اکتوبر کو وزیراعظم نے پی ٹی آئی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر پارٹی احتجاج ختم کرتی ہے تو حکومت دوبارہ مذاکرات کے لیے تیار ہے۔
اب مولانا فضل الرحمان کیساتھ گفتگو میں ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ حکومت سیاسی طریقے سے مسائل حل کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر چکی ہے اور مذاکرات کے لیے اب بھی تیار ہے، تاہم اپوزیشن کو وفاقی ارالحکومت کی جانب پیش قدمی سے گریز کرنا چاہیے۔
ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ملک کی سیاسی صورتِ حال، پی ٹی آئی کے لانگ مارچ اور خیبر پختونخوا میں سکیورٹی کی صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کیا۔
