شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرکے فتنہ الخوارج کے 4 دہشتگرد کمانڈرز سمیت 9 خوارج کو ہلاک کر دیا جبکہ کرک میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایس ایچ او گن مین سمیت شہید ہو گئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے پلنگ زئی، ندیم کوٹ، کوٹ خضری میں فتنہ الخوارج کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، فتنہ الخوارج کے ہلاک کمانڈرز میں خارجی خالد رضا، خارجی کامران، خارجی موسیٰ اور خارجی مفتوم شامل ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فورسزکی موثرکارروائی کے دوران ہلاک دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا، کارروائیوں کے دوران فتنہ الخوارج کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ کر دیئے گئے۔
دوسری جانب کرک کی باؤنڈری کے قریب نیو کڑپہ کے مقام پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایس ایچ او تھانہ بانڈہ داؤد شاہ داؤد خان اور ان کا گن مین شہید جبکہ ایک راہگیر زخمی ہو گیا۔
