پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا لانگ مارچ چوتھے روز میں داخل ہو گیا، آج قافلہ پشاور کے مضافاتی علاقے متنی سے خیبر ضلع کی جانب روانہ ہو گا، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے صوبائی کابینہ کا اجلاس بھی طلب کر لیا ہے۔
لانگ مارچ عمران خان کی رہائی سمیت متعدد مطالبات کے حق میں 4 اکتوبر کو لکی مروت کے گنڈی چوک سے شروع ہوا تھا۔ مارچ ملتوی کرنے کے لیے وفاقی حکوت نے پی ٹی آئی کے ساتھ 2 اور 3 اکتوبر کو 2 ادوار میں مذاکرات کیے تاہم فریقین کے مابین اتفاق رائے نہ ہو سکا۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق لانگ مارچ کا قافلہ کوہاٹ سے منگل کی رات گئے متنی پہنچا۔ ابتدائی منصوبے کے مطابق قافلے نے کوہاٹ سے براہ راست پشاور جانا تھا اور رات متنی کے قریب قیام کرنا تھا تاہم پی ٹی آئی نے منگل کو مارچ کا روٹ تبدیل کر دیا۔
کوہاٹ کے یونیورسٹی چوک میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ ضلع خیبر کے رہائشیوں کی جانب سے مارچ کے شرکاء کی میزبانی کی خواہش کے اظہار کے بعد منصوبہ تبدیل کیا گیا۔
