اسلام آباد کی انسدادِ دہشتگردی عدالت نے جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس میں بانی پی ٹی آئی کو آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
اے ٹی سی کے جج طاہر عباس سپرا نے ہدایت کی کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جسمانی طور پر یا بذریعہ ویڈیو لنک پیش کیا جائے۔
عدالت نے سابق وفاقی وزراء فرخ حبیب، حماد اظہر، مراد سعید اور شبلی فراز کو اشتہاری قرار دے کر ان کی جائیدادوں کی تفصیلات طلب کر لیں۔
علاوہ ازیں عدالت نے واثق قیوم اور ایم پی اے حسن نیازی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 5 نومبر تک ملتوی کر دی۔
خیال رہے پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف اسلام آباد کے تھانہ رمنا میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ مقدمے میں جوڈیشل کمپلیکس کی جانب مارچ اور وہاں پیش آنے والے واقعات سے متعلق مختلف دفعات شامل کی گئی ہیں۔
عدالت اس سے قبل بھی عدم حاضری پر حماد اظہر، شبلی فراز، مراد سعید اور فرخ حبیب سمیت متعدد پی ٹی آئی رہنماؤں کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔
