نیویارک: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حرمین شریفین ہماری ریڈ لائن ہے،حرمت و سلامتی پر سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ ایک انتخاب ہے تو امن بھی ایک انتخاب ہے، پاکستان نے اپنا انتخاب کرلیا اور تنازع پر مذاکرات کو ترجیح دی ہے۔
وزیراعظم نے اپنے خطاب کا آغاز قرآن مجید کی آیات کی تلاوت سے کیا اور سورۃ الانفال کی آیت نمبر 61 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ارشاد باری تعالیٰ ہے کہ ’’اور اگر وہ امن کی طرف مائل ہوں تو تم بھی اس کی طرف مائل ہوجاؤ۔‘‘
شہباز شریف نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے چوتھی بار خطاب کرنا ان کے لیے اعزاز ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کی متحرک قیادت کو خراج تحسین پیش کیا جبکہ جنرل اسمبلی کے صدر خلیل الرحمان کو بھی انتخاب پر مبارکباد دی۔
وزیراعظم نے قائداعظم محمد علی جناح کے اقوام متحدہ سے متعلق معروف قول کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے مقاصد اور اصولوں پر یقین رکھتا ہے۔
