وادی لیپہ کے مشہور تجارتی مرکز کپہ گلی بازار میں خوفناک آگ بھڑکنے کے نتیجے میں درجنوں دکانیں جل کر راکھ کا ڈھیر بن گئیں۔ دو مساجد، دو مدارس اور ایک پٹرول پمپ بھی آگ کی لپیٹ میں آ گئے۔
اطلاعات کے مطابق آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے بازار کو لپیٹ میں لے لیا ،آتشزدگی کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم 60 فیصد بازار جل گیا، آگ کے پھیلنے کی رفتار اتنی تیز تھی کہ دکانداروں کو اپنی دکانوں سے قیمتی سامان باہر نکالنے کا موقع بھی نہیں مل سکا۔

اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122، پاک فوج کے جوان ، پولیس اور مقامی افراد موقع پر پہنچ گئے اور آگ پر قابو پانے کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ مقامی افراد بھی امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ آگ کی شدت کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔
آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی ، واقعے کی تحقیقات اور آگ پر مکمل قابو پانے کے بعد نقصان کا اصل تخمینہ لگایا جائے گا۔
