اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس جسٹس سرفراز ڈوگر نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 27 ستمبر 2026کے احتجاج کے معاملے کو آئینی بحران سے تشبیہ دیدی۔
پی ٹی آئی کے 27 ستمبر احتجاج و لانگ مارچ کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی ، چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے معاملے کو آئینی بحران سے تشبیہ دیتے ہوئےلارجر بینچ بنانے کا فیصلہ کیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے صوبوں کے آئی جیزاور ایڈووکیٹ جنرلز کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا، کیس کی مزید سماعت 10 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں شہری وقاص احمد کی جانب سے درخواست دائر کی گئی ہے جس میں چاروں صوبوں کے انسپکٹر جنرلز پولیس، اسلام آباد پولیس، موٹروے پولیس اور دیگر متعلقہ حکام کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ پی ٹی آئی نے 27 ستمبر کو اسلام آباد میں دھرنے کا اعلان کیا ہے جس کے نتیجے میں شہریوں اور مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے جبکہ وفاقی دارالحکومت میں کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
