ڈیرہ اسماعیل خان کی گومل یونیورسٹی سے ملحقہ نجی کالجز کے ریکارڈ میں بے ضابطگیوں کا انکشاف سامنے آیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق ہائیر ایجوکیشن اتھارٹی نے نجی کالجز کی جائزہ اور فزیکل انسپکشن میں تعلیمی ریکارڈ میں خامیوں کی نشاندہی کی،اس دوران ملحقہ نجی کالجز کے داخلوں، رجسٹریشن، حاضری اور امتحانات کے ریکارڈ میں بے ضابطگیاں سامنے آئیں۔
ہائیر ایجوکیشن اتھارٹی نے گومل یونیورسٹی اور نجی کالجز کی تحقیقات کے لیے محکمہ اعلیٰ تعلیم کو درخواست بھیج دی،محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبر پختونخوا نے معاملہ ایچ ای سی کے سامنے اٹھاتے ہوئے چیئرمین ایچ ای سی کو خط ارسال کردیا۔
چیئرمین ایچ ای سی کو لکھے گئے خط میں استدعا کی گئی ہے کہ گومل یونیورسٹی سے نجی ملحقہ کالجز کی وابستگی اور علاقائی دائرۂ اختیار کی مکمل جانچ کی جائے۔
محکمہ اعلیٰ تعلیم نے گومل یونیورسٹی سے ملحقہ نجی کالجز کی ڈگریوں، داخلوں اور امتحانات کی مکمل تصدیق کا مطالبہ کرتے ہوئے غیر رجسٹرڈ نجی کالجزاور پروگرامز میں صورتحال واضح ہونے تک نئے داخلوں پرپابندی کی سفارش کردی ہے۔
