پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس اور رکن سیلکشن کمیٹی عاقب جاوید نے لارڈز ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں بیٹنگ نہ کرنے پر قومی ٹیم کے اوپننگ بیٹر امام الحق کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی اور انکوائری کا عندیہ دے دیا۔
انہوں نے کہا کہ امام الحق کی انجری ان کے لیے بڑا سوالیہ نشان اور گہری مایوسی کا باعث ہے، ماضی میں کھلاڑی انجری کے باوجود میدان میں اترنے کی کوشش کرتے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ یہ نہیں کہہ سکتے کہ امام الحق نے انجری کا ڈراما کیا، تاہم پٹھے میں کھنچاؤ ایسی وجہ نہیں ہوسکتی کہ کھلاڑی مکمل طور پر دونوں اننگز میں بیٹنگ ہی نہ کرے۔
عاقب جاوید نے کہا کہ امام الحق کو کوشش کرنی چاہیے تھی اور مقابلہ کرنا چاہیے تھا، اس معاملے پر ایکشن لیا جائے گا اور امام الحق کو انکوائری کا سامنا کرنا ہوگا۔
