پاکستان مسلم لیگ (ن) نے منتخب عوامی نمائندوں کو چھوڑ کر الیکشن میں اپنی سیٹ ہارنے کے بعد مخصوص نشست پر اسمبلی ممبر منتخب ہونے والے بیرسٹر افتخار گیلانی کو آزاد جموں و کشمیر کا وزیراعظم نامزد کرنے کا فیصلہ کیا، جس پر ذرائع کے مطابق سینیئر پارٹی ممبران نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں آزاد کشمیر میں حکومت سازی سے متعلق اہم مشاورتی اجلاس میں ہوا۔ اجلاس میں رانا ثناء اللہ، خواجہ سعد رفیق، مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر، سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر، نو منتخب اسپیکر چوہدری طارق فاروق، ڈپٹی اسپیکر احمد رضا قادری اور بیرسٹر افتخار گیلانی شریک ہوئے۔
یاد رہے کہ وزارت عظمیٰ کی دوڑ میں سابق وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر اور مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر بھی شامل ہیں، تاہم شاہ غلام قادر کو موزوں ترین امیدوار قرار دیا جا رہا تھا۔
