پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ خان نے گزشتہ شب سابق وزیر اعظم سے ہونے والی ملاقات کا احوال بتاتے ہوئے کہا ہے کہ “وہ بار بار ایک ہی بات کر رہے تھے کہ مجھ پر بہت ظلم ہو رہا ہے”۔
یاد رہے کہ منگل کو سپریم کورٹ نے علاج کے لیے عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔ تاہم وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے مطابق انہیں اس فیصلے کے دوسرے دن یعنی جمعرات اور جمع کی درمیانی شب سرکاری اسپتال پمز لے جایا گیا جہاں ڈاکٹرز سے ‘تفصیلی معائنے’ کے بعد انہیں ‘صحت مند’ قرار دیا۔
عدالت نے ان کی صحت پر میڈیکل بورڈ تشکیل دینے اور اس میں ان کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ اور ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل کو بھی شامل کرنے کا حکم دیا تھا۔
گزشتہ شب کے اسپتال دورے اور سابق وزیر اعظم سے ملاقات کے بارے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عظمی نے کہا عمران خان “بار بار مرسی کا نام لے رہے تھے” اور خدشہ ظاہر کر رہے تھے انہیں مرسی کی طرز پر مارنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ محمد مرسی مصر کے سابق صدر تھے جو اقتدار سے معزولی کے بعد قید کے دوران 17 جون 2019 کو عدالت میں پیشی کے دوران گر کر انتقال کر گئے تھے۔
مصری حکام کے مطابق 67 سالہ مرسی دل کا دورہ پڑنے سے فوت ہوئے تھے جبکہ ان کی جماعت اخوان المسلمین نے ان کی موت کو قتل قرار دیا تھا۔
