بھارت کے تجربہ کار بلے باز اور سابق ٹیسٹ کپتان اجنکیا رہانے نے بین الاقوامی کرکٹ سمیت ہر طرز کی پیشہ ورانہ کرکٹ سے فوری طور پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے جذباتی ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ ان کے نزدیک اب کھیل کو خیرباد کہنے کا یہی درست وقت ہے۔
اپنے ویڈیو پیغام میں اجنکیا رہانے نے کہا کہ وہ ہمیشہ بیٹنگ میں درست وقت کی اہمیت پر یقین رکھتے تھے اور اب انہیں محسوس ہوتا ہے کہ ریٹائرمنٹ کے اعلان کا بھی یہی بہترین وقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈومبیولی سے ایک نوجوان کھلاڑی کی حیثیت سے سفر شروع کیا، ہر دن صرف ایک خواب دیکھا کہ بھارت کی نمائندگی کرنی ہے اور ہمیشہ ملک اور ٹیم کو اپنی ذات پر ترجیح دی۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی کرکٹ گزشتہ دو دہائیوں میں غیر معمولی ترقی کر چکی ہے اور وہ اس سفر کا حصہ بننے پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ ان کے مطابق اگرچہ بطور بھارتی کرکٹر ان کا باب بند ہو رہا ہے، تاہم کرکٹ سے ان کا رشتہ ختم نہیں ہوگا بلکہ وہ مستقبل میں نوجوان کھلاڑیوں کی رہنمائی کریں گے اور اپنے تجربات نئی نسل تک منتقل کریں گے۔
