لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور ترجمانوں کے حالیہ بیانات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کو پنجاب سے بغض اور نفرت ہے کیونکہ یہاں کے وسائل عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کیے جا رہے ہیں۔
اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب کی ترقی اور خوشحالی سے جلنے والے جلتے رہیں گے جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی حکومت کو ابھی صرف دو سال ہوئے ہیں اور اس مختصر عرصے میں صوبے میں نمایاں ترقیاتی اقدامات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے ترقیاتی منصوبوں اور وسائل کو اٹک سے رحیم یار خان اور راولپنڈی سے وہاڑی تک پہنچایا ہے تاہم لاڑکانہ کے نوابوں کو یہی بات ہضم نہیں ہو رہی۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اگر پنجاب میں پیپلز پارٹی چوتھے نمبر کی جماعت ہے تو اس میں مسلم لیگ ن کا کوئی قصور نہیں، بلکہ پنجاب کے عوام مسلم لیگ ن کی کارکردگی پر اعتماد اور اطمینان کا اظہار کر رہے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کراچی کے میئر مرتضیٰ وہاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب وہ لاہور میں سیکھنے آئے تو پنجاب حکومت نے اپنے دروازے ان کے لیے کھول دیئے۔ مسلم لیگ ن کی خواہش ہے کہ جس طرح پنجاب میں ترقی اور خوشحالی آئی ہے اسی طرح سندھ بھی ترقی کرے۔
