پشاور: خیبرپختونخوا پولیس نے رواں سال کے پہلے 6 ماہ کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی۔ جس کے مطابق دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی گئیں۔
سینٹرل پولیس آفس خیبرپختونخوا میں انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس ذوالفقار حمید کی زیر صدارت امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔
رپورٹ کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے گزشتہ 6 ماہ کے دوران دہشت گردوں کے خلاف 2 ہزار 4 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے۔ جس میں 182 دہشت گرد مارے گئے جبکہ 504 کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ہونے والوں میں فتنہ الخوارج کے 14 اہم کمانڈرز بھی شامل ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس عرصے کے دوران پولیس پر 294 حملے کیے گئے۔ تاہم مؤثر حکمت عملی کے ذریعے 161 حملے ناکام بنا دیئے گئے۔ جدید اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی کی مدد سے دہشت گردوں کے 341 ڈرون حملے بھی ناکام بنائے گئے۔ جبکہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار پولیس کے یو اے وی (ڈرون) ڈویژن کا قیام عمل میں لایا گیا۔
