ڈپٹی کمشنر زیارت کے مطابق دہشت گردوں کے حملے میں 2 ایچ ایس او سمیت 9 پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔
ڈپٹی کمشنر زیارت نے کہا ہے کہ مانگی فیز تھری میں دہشتگردوں کی جانب سے حملہ کیا گیا۔ رات بھر دہشتگردوں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ شہید ہونے والوں میں ایس ایچ او مانگی محمد حسین اور ایس ایچ او کواس صحبت خان بھی شامل ہیں۔

دیگر شہید اہلکاروں کی شناخت عبدالباقی ولد عبدالرحمان سنجاوی، شیر محمد کواس، منصور احمد ولد محمد عمر وچہ غوسکی، سیف اللہ (اے ٹی ایف ہرنائی)، محمد اشرف سنجاوی اور آزاد خان سنجاوی کے ناموں سے ہوئی ہے۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی اور حملہ آوروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔ علاقے کو گھیرے میں لے کر داخلی اور خارجی راستوں کی نگرانی بھی سخت کر دی گئی ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملے کی نوعیت اور دہشت گردوں کی تعداد کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں جب کہ شہید اہلکاروں کی لاشیں ڈی ایچ کیو اسپتال زیارت منتقل کر دی گئیں۔
