پاکستان بھر کے پاسپورٹ دفاتر میں یکم جولائی 2026 سے نقد فیس وصولی کا روایتی نظام مستقل طور پر ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اب شہریوں کو پاسپورٹ فیسوں کی ادائیگی لازمی طور پر صرف ڈیجیٹل ذرائع سے کرنا ہو گی۔
ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا کی زیرِ صدارت منعقدہ زونل سربراہان کے ایک اہم اجلاس کے دوران بریفنگ میں اس نئی اور انقلابی پالیسی کی توثیق کی گئی ہے۔
اجلاس کے دوران حکام نے تفصیلات بتاتے ہوئے واضح کیا کہ پاسپورٹ دفاتر میں اب فیس صرف کیو آر (QR) کوڈ کے ذریعے ڈیجیٹل طور پر قبول کی جائے گی۔
اس جدید نظام کو مزید آسان بنانے کے لیے محکمہ جلد ہی ایک نئی “پاسپورٹ موبائل ایپ” متعارف کروانے جا رہا ہے، جس کی بدولت اندرون اور بیرونِ ملک مقیم تمام پاکستانی شہری اب گھر بیٹھے اپنے پاسپورٹ کی درخواستیں آن لائن جمع کروا سکیں گے، جبکہ پاسپورٹ کی تیاری کے بعد درخواست گزار کو اس کا پاسپورٹ اس کی دہلیز پر ہی ڈیلیور کر دیا جائے گا۔
حکام کے مطابق ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے یہ اہم فیصلہ بھی کیا ہے کہ محکمہ آئندہ سے صرف جدید ‘ای پاسپورٹس’ (e-Passports) ہی جاری کرے گا۔
