طبی ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ فالج جیسے جان لیوا مرض کے حملے سے کئی برس قبل انسانی جسم تین ایسی عام نشانیاں ظاہر کرتا ہے جنہیں عام طور پر نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔
چین کی ژی جیانگ یونیورسٹی اسکول آف میڈیسن کی ایک جامع تحقیق کے مطابق مسلز یا پٹھوں کے حجم میں کمی، ہاتھوں کی گرفت کا کمزور ہونا اور چلنے کی رفتار کا سست پڑ جانا مستقبل میں فالج کے خطرے کی اہم علامات ہیں۔
تحقیق کے دوران 4 لاکھ 80 ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کا کئی برسوں تک جائزہ لیا گیا، جس سے یہ بات سامنے آئی کہ جن افراد کے پٹھوں کی مضبوطی گھٹ جاتی ہے، ان میں فالج کا خطرہ 30 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔
اسی طرح ہاتھوں کی کمزور گرفت 7 فیصد جبکہ چلنے کی رفتار میں نمایاں کمی فالج کے خطرے کو 64 فیصد تک بڑھا دیتی ہے۔
محققین کا کہنا ہے کہ پٹھوں کی تیزی سے کمزوری اس بات کا اشارہ ہے کہ جسمانی ورم بڑھ رہا ہے اور میٹابولزم کے افعال تبدیل ہو رہے ہیں۔
