ڈریپ نے آن لائن ادویات کی غیر قانونی فروخت اور تشہیر پر سخت ایکشن لے لیا۔
ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے ادویات کی آن لائن تشہیر اور غیر قانونی فروخت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو متعلقہ ویب سائٹس اور سوشل میڈیا پیجز بلاک کرنے کی درخواست کر دی ہے۔
ڈریپ کی جانب سے جاری مراسلے میں ادویات فروخت کرنے والے متعدد آن لائن پلیٹ فارمز کی نشاندہی کی گئی ہے جبکہ بھارت اور ایران سے اسمگل شدہ ادویات کی آن لائن فروخت کا بھی انکشاف سامنے آیا ہے۔
اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ غیر رجسٹرڈ اور اسمگل شدہ ادویات کی فروخت عوامی صحت کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ خط میں سوشل میڈیا اور ویب سائٹس پر نسخے کے بغیر ادویات کی تشہیر پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
ڈریپ کے مطابق جنسی صحت، وزن میں کمی اور ذہنی امراض سے متعلق ادویات کی آن لائن فروخت غیر قانونی ہے جبکہ سوشل میڈیا اشتہارات لوگوں کو خود علاج کی طرف مائل کر رہے ہیں جو مزید خطرات کو جنم دے سکتا ہے۔
