بھارتی فلم انڈسٹری کے مقبول اور عالمی شہرت یافتہ گلوکار اریجیت سنگھ نے فلمی پلے بیک سنگنگ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر کے مداحوں اور شوبز کی دنیا میں حیرت پیدا کر دی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اریجیت نے اپنے ذاتی ٹوئٹر اکاؤنٹ پر مداحوں کے ساتھ پلے بیک سنگنگ سے ریٹائرمنٹ کے پیچھے کئی وجوہات بھی شیئر کی ہیں۔
مداحوں کی جانب سے شیئر کی گئی پوسٹس کے مطابق 38 سالہ گلوکار نے وضاحت کی کہ یہ فیصلہ نہ تو اچانک کیا گیا اور نہ ہی کسی ایک واقعے کے اثر میں آ کر؛ اس کے پیچھے متعدد وجوہات ہیں اور وہ کافی عرصے سے اس پر غور و فکر کر رہے تھے۔ بالآخر انہوں نے اس قدم کو اٹھانے کی ہمت جمع کی۔
اریجیت سنگھ نے اپنی تخلیقی بے چینی کا بھی ذکر کیا اور بتایا کہ ایک وجہ یہ ہے کہ وہ جلدی بور ہو جاتے ہیں، اسی لیے وہ ایک ہی گانے کو اسٹیج پر مختلف انداز میں پرفارم کرتے ہیں تاکہ خود کو تخلیقی طور پر مصروف رکھ سکیں۔ گلوکار نے اعتراف کیا کہ حقیقت یہ ہے کہ وہ پلے بیک سنگنگ کے موجودہ انداز سے بور ہو چکے ہیں۔
