امریکا میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے H-1B ویزا پر 1 لاکھ ڈالر فیس عائد کرنے کے فیصلے کو شدید قانونی چیلنج کا سامنا کرنا پڑ گیا ہے۔
کیلیفورنیا سمیت 20 امریکی ریاستوں نے اس فیصلے کے خلاف وفاقی عدالت میں مقدمہ دائر کر دیا ہے۔
عدالت میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ٹرمپ کو اس قدر بھاری فیس عائد کرنے کا اختیار حاصل نہیں اور یہ اقدام امریکی وفاقی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔ ریاست کیلیفورنیا کے اٹارنی جنرل روب بونٹا کے مطابق امیگریشن قوانین کے تحت ویزا فیس صرف انتظامی اخراجات پورے کرنے تک محدود ہو سکتی ہے، جبکہ ایک لاکھ ڈالر کی فیس اس حد سے کہیں زیادہ ہے۔
H-1B ویزا پروگرام کے تحت امریکی کمپنیاں غیر ملکی ماہر اور اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد کو ملازمت فراہم کرتی ہیں، خاص طور پر ٹیکنالوجی، تعلیم اور صحت کے شعبے اس پروگرام پر بڑی حد تک انحصار کرتے ہیں۔ بونٹا کا کہنا ہے کہ نئی فیس سے تعلیمی اداروں اور اسپتالوں پر اضافی مالی دباؤ پڑے گا، جس سے افرادی قوت کی قلت مزید بڑھ سکتی ہے اور عوامی خدمات متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
