ٹک ٹاک نے صارفین کے لیے نیا فیچر نیئر بائی فیڈ متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے لوگ اپنے اردگرد موجود مقامات اور مقامی سرگرمیوں سے متعلق مواد دیکھ سکیں گے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اس فیچر کا مقصد صارفین کو اپنے علاقے میں نئی جگہیں دریافت کرنے اور مقامی مواد تک رسائی میں مدد فراہم کرنا ہے۔
یہ فیچر ابتدائی طور پر برطانیہ، فرانس، اٹلی اور جرمنی میں لانچ کیا گیا ہے۔ اس کی آزمائش سب سے پہلے 2022 میں جنوب مشرقی ایشیا میں محدود پیمانے پر کی گئی تھی، جسے بعد میں روک دیا گیا تھا، تاہم اب اسے دوبارہ چند ممالک میں دستیاب کر دیا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق نیئر بائی فیڈ میں صارفین کو ان کی لوکیشن، مواد کے موضوع اور پوسٹ کے وقت کی بنیاد پر ویڈیوز دکھائی جائیں گی، جن میں سیاحت، ایونٹس اور کھانوں سے متعلق مقامی مواد شامل ہو سکتا ہے۔
ویڈیوز پوسٹ کرنے والوں کے لیے بھی یہ فیچر فائدہ مند ہوگا کیونکہ اس کے ذریعے وہ اپنے شہر یا علاقے کے زیادہ صارفین تک پہنچ سکیں گے۔
