انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے بینک اکائونٹ منجمد جبکہ شناختی کارڈ اور پاسپورٹ ضبط کرنے کا حکم دے دیا۔
اے ٹی سی کے جج امجد علی شاہ نے علیمہ خان سمیت 11 ملزمان کے خلاف 26 نومبر کے احتجاج پر درج مقدمے کی سماعت کی ، علیمہ خان ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے باوجود عدالت پیش نہیں ہوئیں۔
عدالت نے علیمہ خان کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ ضبط کرنے کیلئے نادرا اور امیگریشن پاسپورٹ کو ہدایات جاری کر دیں۔ عدالت نے علیمہ خان کے ضامن عمر شریف کی جائیداد بھی ضبط کرنے کا حکم دے دیا۔
سماعت کے دوران اسپیشل پراسیکیوٹر ظہیر شاہ عدالت پیش ہوئے ، علیمہ خان کا کوئی وکیل پیش نہیں ہوا۔ علیمہ خان کے علاوہ مقدمے میں نامزد دیگر 10 ملزمان پیش ہوئے۔ استغاثہ کے گواہان مال مقدمہ سمیت عدالت میں موجود تھے۔
