پاکستان بحریہ کے جہاز پی این ایس یرموک نے بحیرہ عرب میں دو مختلف کشتیوں سے ایک ارب ڈالر کے قریب مالیت کی منشیات ضبط کر کے ایک بڑی بین الاقوامی کامیابی حاصل کی ہے۔
نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق مشترکہ بحری فورس (Combined Maritime Force – CMF) نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ کارروائی سعودی عرب کی قیادت میں کمبائنڈ ٹاسک فورس 150 (CTF-150) کے تحت آپریشن ‘المسمک’ کے دوران کی گئی۔
دو روز میں دو بڑی کارروائیاں
سی ایم ایف کے بیان کے مطابق یہ آپریشن 16 اکتوبر سے جاری ہے۔ اس دوران پاکستان نیوی کے جہاز نے 48 گھنٹوں کے اندر دو مختلف کشتیوں کو روکا۔
18 اکتوبر کو پہلی کشتی سے 2 ٹن کرسٹل میتھ (آئس) برآمد ہوئی، جس کی عالمی منڈی میں مالیت 82 کروڑ 24 لاکھ ڈالر سے زائد بتائی گئی ہے۔
اس کے صرف 48 گھنٹوں بعد دوسری کشتی کو روکا گیا جس سے 350 کلوگرام کرسٹل میتھ (مالیت: 14 کروڑ ڈالر) اور 50 کلوگرام کوکین (مالیت: 1 کروڑ ڈالر) برآمد کی گئی۔
