ابوظہبی نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے شہریوں کی صحت بہتر بنانے اور ان کی عمر میں اضافہ کرنے کے لیے ایک نیا نظام متعارف کرایا ہے، جو ذیابیطس اور کینسر سمیت سنگین بیماریوں کے خطرات کی پیشگی پیشگوئی کر سکتا ہے۔
محکمۂ صحت ابوظہبی (DoH) نے یہ اے آئی پر مبنی مریض رسک پروفائلنگ سسٹم تمام اسپتالوں اور کلینکس میں نافذ کر دیا ہے، جس کے ذریعے ڈاکٹرز مریض کی مکمل طبی ہسٹری دیکھ کر بروقت حفاظتی اقدامات کر سکتے ہیں۔
تین نکاتی حکمتِ عملی
یہ اقدام ابوظہبی کے تین نکاتی ہیلتھ کیئر ویژن کا حصہ ہے، جس کا مقصد شہریوں کی طویل عمر، عالمی معیار کی طبی سہولیات اور نظام کی مضبوطی کو یقینی بنانا ہے۔
گیٹیکس گلوبل 2025 (GITEX Global 2025) میں دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محکمہ صحت ابوظہبی کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈیجیٹل ہیلتھ ابراہیم الجلاف نے بتایا کہ یہ سسٹم 14 مختلف بیماریوں کے خطرات کا تجزیہ کرتا ہے اور ڈاکٹرز کو مریض کے ان امراض میں مبتلا ہونے کے امکانات سے آگاہ کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ “یہ نظام ڈاکٹر کو بتاتا ہے کہ مریض کو ذیابیطس یا مخصوص اقسام کے کینسر جیسے امراض کا کتنا امکان ہے، اور یہ بھی واضح کرتا ہے کہ کن لیب رپورٹس یا وزٹس نے اے آئی کو ایسا اندازہ لگانے پر مجبور کیا۔”
